پاکستان، قازقستان بزنس فورم، 140.8 ملین ڈالر کے تجارتی معاہدے متوقع

Apr 30, 2025

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اور قازقستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان-قازقستان بزنس فورم اور بی ٹو بی ملاقاتیں 28 اپریل 2025 کو کراچی کے مقامی ہوٹل میریٹ میں کامیابی سے منعقد ہوئیں۔ اس اہم موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت احسان افضل خان، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد اور سیکریٹری شریار تاج نے شرکت کی، جب کہ قازقستان کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ سمیت اعلیٰ سطحی سرکاری و نجی وفد شریک ہوا۔ فورم میں قازقستان سے 100 سے زائد سرکاری حکام اور کاروباری نمائندوں نے حصہ لیا، جبکہ پاکستان سے مختلف شعبہ جات کی 200 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی۔ بزنس فورم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و صنعتی تعاون بڑھانے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ دن بھر میں تقریباً 500 کاروباری ملاقاتیں منعقد ہوئیں، جن کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں شراکت داری کے امکانات تلاش کیے گئے اور مجموعی طور پر 140.8 ملین ڈالر کے متوقع معاہدے سامنے آئے۔ تقریب کے دوران دو اہم یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ایک یادداشت قازقستان کی کمپنی آپٹیما ڈیولپمنٹ اور پاکستان کی کمپنی فریزلینڈ کیمپینا اینگرو کے درمیان انہائیڈرس ملک فیٹ (AMF) کی خرید و فروخت سے متعلق تھی، جبکہ دوسری مفاہمتی یادداشت قازقستان کے علاقے کیزیلوردا کے گورنر آفس، پاکستان کی گھنی گلوبل گروپ (کراچی) اور قازقستان کی یورو گلاس انڈسٹریز کے درمیان باہمی تعاون پر مبنی تھی۔ یہ بزنس فورم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینے اور آئندہ مشترکہ سرمایہ کاری کے دروازے کھولنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا ہے، جس کے مثبت اثرات مستقبل قریب میں واضح طور پر نظر آئیں گے۔

مزیدخبریں