وفاقی وزیر بحری امورنے کیماڑی میں بوٹ بیسن جیٹی کا افتتاح کردیا

Apr 30, 2025

 کراچی(کامرس  نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کیماڑی میں بوٹ بیسن جیٹی کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ سیوریج اور فیکٹریز کا پانی سمندر کا آلودہ کررہا ہے،سمندر میں گرنے والے کچرے کو روکنے کے لیے جال اور فلوٹنگ رکاوٹیں لگائی جارہی ہیں تاکہ سمندری آلودگی کو روکا جاسکے ،میںوزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے اس سلسلے میں ملاقات کروں گا ،سندھ حکومت اور کے پی ٹی مل کر سمندری آلودگی کہ روک تھام کریں گے۔وفاقی وزیر نے بتایاکہ عوام کی سہولت اور حفاظتی اقدامات کے طور پر جیٹی کو جدید بنایا گیا ،جیٹی کی تعمیر اس بات کا ثبوت ہے کہ کے پی ٹی نے کراچی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے،کراچی پورٹ نے کراچی کے عوام اور ترقی میں حصہ ڈالا ہے،کراچی کی تاریخ کو محفوظ کرنے میں بھی کراچی پورٹ کا بڑا کردار ہے۔ محمد جنید انور چوہدری نے بتایا کہ منصوبے پر ایک ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ،کراچی کے عوام کی سہولت کیلئے اورکراچی کے ورثہ کو محفوظ کرنے کے لیے کراچی پورٹ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،کراچی پورٹ کی عمارت کو میرین میوزیم بنایا جائے گا۔ کراچی پورٹ کا ملکی معیشت میں بہت بڑا کردار ہے ،بندرگاہ حکومت پاکستان کو اربوں روپے کما کر دیتی ہے، کراچی پورٹ سے ایف بی آر کسٹم اور صنعتکار بھی اربوں روپے کما رہے ہیں،کراچی پورٹ کے افسران اور ورکرز دن رات محنت کرکے معیشت کو مضبوط بنارہے ہیں ،کراچی پورٹ کے تیمر کے جنگلات بچانے اورتیمر جنگلات کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں اورانکیحفاظت کے لیے اقدامات کو موثر بنارہے ہیں،ماحولیاتی تبدیلی بڑا مسئلہ ہے اس کیلئے شجر کاری کی مہم کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ کراچی بندرگاہیں اپنی پوری استعداد بروئے کار نہیں لا پارہیں،گنجائش بہت ہے اور اس لیے نئی بندرگاہوں کی ضرورت نہیں۔ پی این ایس سی میں اختیارات کے غلط استعمال کا نوٹس لیا گیا ہے،ڈریجنگ پر قانونی چارہ جوئی اور تحقیقات ہوئیں ،ایک پارٹی کی قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے تاخیر ہوئی لیکن یہ رکاوٹیں اب دور ہوچکی ہیں۔

مزیدخبریں