کینال منصوبے کی منسوخی سندھ کے عوام کی تاریخی فتح ‘ مراد علی شاہ : کراچہ پہنچے پرا ستقبال جیالوں کا جشن

Apr 30, 2025

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی چولستان کینال کیخلاف سی سی آئی اجلاس میں تاریخی کامیابی کا اولڈ ٹرمینل پرجھومتے جیالوں کا جشن ، وزیراعلیٰ سندھ کا والہانہ استقبال کیا گیا، پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے متنازعہ چولستان کینال منصوبے کی منسوخی کو سندھ کی ایک تاریخی فتح اور آئینی انصاف کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ نگران حکومت کے دور میں منظور کیا گیا تھا تاہم اسے جمہوری اور قانونی عمل کے ذریعے مسترد کر دیا گیا۔مراد علی شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور سندھ کے عوام مل کر بھارت کی کسی بھی بدنیتی پر مبنی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وطن کا دفاع کرنا آتا ہے اور جو کوئی پاکستان کی طرف بری نیت سے دیکھے گا اسے جواب دینا پڑے گا۔وزیراعلیٰ نے سندھ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں ہماری حکومت نے سی سی آئی میں سندھ کے عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی آئی اجلاس کی کارروائی جاری کر دی گئی ہے، جس میں نگران حکومت کی جانب سے 17جنوری 2024کو چولستان کینال کے لیے پانی کی دستیابی سے متعلق جاری کردہ ارسا سرٹیفکیٹ کی منسوخی شامل ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ سی سی آئی اجلاس میں نگران حکومت کی جانب سے 7فروری 2024کو دی گئی چولستان کینال کی ای سی این ای سی کی مشروط منظوری کو بھی کالعدم قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ پر ہے کہ صوبائی حکومت نے جون 2024میں اقتدار سنبھالتے ہی ارسا سرٹیفکیٹ کو چیلنج کیا تھا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت نے آئینی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ارسا سرٹیفکیٹ کو سی سی آئی میں چیلنج کیا۔ اس عمل کے دوران کچھ شرپسند عناصر نے جعلی دستاویزات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے اور انہیں ایک دوسرے صوبے کے خلاف اکسانے کی کوشش کی جس پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیصلہ کیا کہ وہ خود عوام سے رابطہ کریں گے۔ وزیراعلی نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ نظرانداز کیا کہ ارسا کی تصدیق غلط اعداد و شمار پر مبنی تھی اور اسے منسوخ کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین نے صدر کو بدنام کرنے کی کوشش کی حالانکہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو سونپ دیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نہروں کے حوالے سے ایک مضبوط اور اصولی موقف پیش کیا اور کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔وزیراعلی نے سندھ کے عوام کو اس جدوجہد کا اصل ہیرو قرار دیا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام 1970سے مسلسل پیپلز پارٹی کو منتخب کرتے آ رہے ہیں اور ہر انتخاب میں ہمارا ووٹ بینک بڑھتا گیا ہے۔ یہ ان کا اعتماد اور حمایت ہی تھی جس نے ہمیں سی سی آئی میں ان کے حقوق کے لیے مثر انداز میں آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگر سی سی آئی نے منصفانہ فیصلہ نہ کیا ہوتا تو جو لوگ صوبوں کے درمیان نفرت پھیلانا چاہتے تھے وہ کامیاب ہو سکتے تھے۔  انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سی سی آئی کے اجلاس کی کارروائی جاری ہونے کے بعد تمام دھرنے ختم ہو چکے تھے لیکن ببرلو کا دھرنا ختم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر نہر منصوبے کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو ان کی لاشیں اٹھائی جائیں گی لیکن انہوں نے ان کی لاشیں اٹھانے کی اجازت نہیں دی بلکہ نوٹیفکیشن لے کر خود وہاں پہنچے اور ان سے اپیل کی کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں اور دھرنا ختم کریں۔
مراد علی شاہ

مزیدخبریں