راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے) آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا راولپنڈی ریجن پولیس شہدا، غازیوں اور افسران و اہلکاروں کے زیر تعلیم بچوں کے لیے انقلابی اقدام کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلہ میں آر پی او راولپنڈی نے میڈیکل کے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمندپولیس اہلکاروں کے بچوں کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر منور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ڈاکٹر عبیدکے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے،اس معاہدہ کے تحت منور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں زیر تعلیم شہدا کے بچوں کوفیسوں میں 50فیصد، پولیس غازیوں کے بچوں کو 25 فیصد جبکہ حاضر و ریٹائرڈ افسران و ہلکاروں کے بچوں کو 20 فیصد رعایت ملے گی ،ایم آئی ایم ایس کی انتظامیہ نے اس تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ ایک محفوظ، تحقیقاتی، اور پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرے گا، تاکہ وہ میڈیکل کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں،اس موقع پر آر پی او راولپنڈی کا کہنا تھا یہ معاہدہ نہ صرف پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے ایک نئی امید کی کرن ہے، بلکہ عوامی و تعلیمی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔
آر پی او کا منور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کیساتھ ایم او یو پر دستخط
Apr 30, 2025