کینیڈین الیکشن: لبرل پارٹی چوتھی مرتبہ فاتح، ٹرمپ قبضہ کرنا چاہتا، ایسا کبھی نہیں ہوگا، وزیراعظم

Apr 30, 2025

ٹورنٹو‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی)  کینیڈا کے عام انتخابات میں مارک کارنی کی قیادت میں لبرل پارٹی نے کامیابی حاصل کرلی۔ امکان ہے وہ چوتھی بار حکومت بنائے گی۔ فتح کے بعد اپنی تقریر میں مارک کارنی نے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ ہمیں توڑ کر ہم پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ دوسری جانب شکست خوردہ کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پولی ایو نے اعتراف کیا کہ اس انتخاب سے "سخت سبق" سیکھنے کو ملے ہیں۔ یہ نتیجہ لبرل پارٹی کے لیے ایک حیران کن موڑ ہے جو صرف تین ماہ قبل تک رائے عامہ کے جائزوں میں پیچھے جا رہی تھی۔ تاہم مارک کارنی کے جسٹن ٹروڈو کی جگہ پارٹی قیادت سنبھالنے کے بعد حالات بدلے اور صدر ٹرمپ کے ساتھ خراب ہوتے تعلقات انتخابی مہم کا مرکزی موضوع بن گئے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کی لبرل پارٹی کو 168 اور کنزرویٹو پارٹی کو 144 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ 343 ارکان کے ایوان میں سادہ اکثریت کے لئے 172 سیٹیںدرکار ہیں۔ بلاک کیوبک پارٹی 23 جبکہ این ڈی پی 7 نشستوں پر برتری حاصل کر چکی ہے تاہم سربراہ این ڈی پی جگمیت سنگھ نے اپنی نشست سے ہارنے پر پارٹی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے جیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں کے ساتھ تعمیری کام کرنے کے لیے پرامید ہیں۔ امریکا ہمارے وسائل، ہمارے پانی، ہماری زمین اور  ہمارے ملک  پر قبضہ چاہتا ہے، لیکن یہ کبھی نہیں ہوگا۔ امریکا کے ساتھ پرانے تجارتی تعلقات کا دور ختم ہوچکا، آنے والا وقت چیلنجنگ ہوگا۔ کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ دو خود مختار ممالک کے درمیان مستقبل کے اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات پر بات چیت کے لیے ٹرمپ کے ساتھ بیٹھیں گے۔ کینیڈا کے وفاقی انتخابات میں 6 پاکستانی نژاد کینیڈین کامیاب ہوگئے۔ اسکار بورو  ڈان ویلی ایسٹ سے سلمیٰ زاہد‘ مس ساگا ایرن ملز سے اقرا خالد اور برامپٹن چنگوزی پارک سے شفقت علی کامیاب ہوئے۔ اوٹاوہ سینٹر سے یاسر نقوی‘ پیئر فونڈز ڈالرڈ سے سمیر زبیری اور ہملٹن سینٹر سے اسلم رانا لبرل پارٹی آف کینیڈا کے پلیٹ فارم سے الیکشن جیتے ہیں۔ سلمیٰ زاہد‘ اقراء خالد‘ شفقت علی‘ یاسر نقوی اور سمیر زبیری پہلے بھی ارکان پارلیمنٹ رہ چکے ہیں جبکہ اسلم رانا پہلی بار رکن پارلیمنٹ بنے ہیں۔ اس الیکشن میں 50 سے زائد پاکستانی نژاد امیدواران حصہ لے رہے تھے۔ دوسری طرف وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کینیڈا کی لبرل پارٹی کو انتخابات میں کامیابی اور مارک کارنی کو کینیڈا کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ '' ایکس''  پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین برادرانہ اور خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔ ہمیں کینیڈا میں مقیم اپنی متحرک پاکستانی کمیونٹی پر فخر ہے۔ انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے نو منتخب وزیراعظم کارنی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم باہمی اشتراک کے ذریعے اپنی اقوام کے لئے بہتر مواقع پیدا کرنے کے خواہاں ہیں۔  صدر  زرداری نے کینیڈین وزیراعظم کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کینیڈا کے وزیراعظم کو وفاقی انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا  پاکستان اور کینیڈا کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات ہیں۔صدر مملکت نے کہا  امید ہے وزیراعظم مارک کارنی کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

مزیدخبریں