سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں 50 پبلک پارکس اور کئی مغل باغات کو بند کر دیا ہے ، مشہور سیاحتی علاقے دودھ پتھری، کوکرناگ، ڈکسم، سنتھن ٹاپ، اچھہ بل، وادی بنگس، مرگن ٹاپ اور توسہ میدان بھی عوام کے لیے بند کر دیا گیا ۔ جنوبی کشمیر میں کئی مغل باغات کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ پہلگام حملے کے بعد سیکوروٹی کے نام پر بھارتی فورسز نے کئی علاقوں میں شہری نقل وحرکت پر بھی پابندی لگا دی ہے ۔ دوسری جانب بھارتی ریاستوں میں زیر تعلیم کشمیری طالبات غیر محفوظ ہوگئی ہیں ۔ انتہا پسند ہندو غنڈے کشمیری طالبات کو نشانہ بنا رہے ہیں نئی دہلی میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایم اے کی طالبہ کے ساتھ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے گیٹ نمبر8کے قریب ایک کشمیری طالبہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اوربدتمیزی کی شکایت درج کرائی گئی ہے ۔جبکہ کانگریس کے رہنما غلام احمد میر نے دفعہ 370 کی منسوخی کے پس پردہ مودی حکومت کے مذموم عزائم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام کشمیریوں کی مزاحمت ختم کرنے سے زیادہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش تھا۔
مقبوضہ کشمیر: قابض فورسز کی کئی علاقوں میں شہری نقل و حرکت پر پابندی، درجنوں پبلک پارکس بند
Apr 30, 2025