(ن) لیگ کے بیانات بوکھلاہٹ کی نشانی ہے, پیپلزپارٹی سے اتحاد ہوگا اور نہ ہونے کے امکانات ہیں: نعیم الحق
تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کے بیانات ان کی بوکھلاہٹ کی بہت بڑی نشانی ہے اور ہم جس طرح سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں اگلی حکومت ہم بنائیں گے، پی ایم ایل کو حق نہیں پہنچتا کہ ہمارے انقلابی نکات پر تنقید کریں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ (ن) لیگ کے بیانات ان کی بوکھلاہٹ کی بہت بڑی نشانی ہے، ان کا تین سال میں سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ جاتی امرا میں سب سے بڑا گھر بنوایا، پچھلے پانچ سال میں 7 ارب روپے نوٹ چھاپے اور قرض لیے، انہیں حق نہیں پہنچتا کہ ہمارے انقلابی نکات پر تنقید کریں۔انہوں نے کہا کہ انہیں پتا ہے آئندہ الیکشن میں کامیابی مشکل نظر آرہی ہے جس طرح سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں اگلی حکومت ہم بنائیں گے، عمران خان نے جو گیارہ نکات بیان کیے وہ عوام کی سمجھ میں آگئے ہیں، وہ غربت، جہالت، رشوت اور منافقت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، عمران خان انقلابی تبدیلیاں لے کر آئیں گے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عزم کر رکھا ہے کہ وہ اپنی حکومت میں کسی کرپٹ شخص کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے ثابت کردیا، ایک وزیر کو نکالا پھر بیس پچیس ایم پی ایز کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں، اس لیے تنقید بے جا ہے۔ایک سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے اتحاد ہوگا اور نہ ہونے کے امکانات ہیں، ہم ان کے خلاف سندھ اور کراچی میں الیکشن لڑیں گے، ہر جگہ ان کا مقابلہ ہوگا، (ن) لیگ والے اپنی سیاست کو چمکانے کے لیے اس قسم کے جھوٹے من گھڑت الزامات لگاتے ہیں۔