میڈیکل سٹور مالکان میں پھوٹ، کئی سٹور کھل گئے
ملتان (نمائندہ خصوصی‘ نمائندوں سے) میڈیکل سٹور مالکان اور ہول سیلرز کی طرف سے ملتان شہر سمیت نواحی علاقوں میں جاری ہڑتال کے معاملہ پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں ایک گروپ کے اعلان پر میڈیکل سٹور کھلنا شروع ہو گئے جبکہ دوسرے گروپ کی جانب سے زبردستی میڈیکل سٹورز بند کروائے جانے اور جھگڑے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ میڈیکل سٹور مالکان قیادت کے اختلافات پر تذبذب کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔ باہمی اختلاف کے باعث ہڑتال اپنا اثر کھو رہی ہے۔ گزشتہ روز کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پیغام جاری کیا کہ حکومت نے مطالبات منظور کر لئے ہیں اب ہڑتال کا جواز باقی نہیں رہا۔ اس پیغام کے بعد چونگی نمبر 6‘ چوک کمہاراں والا چونگی نمبر 9‘ نشتر روڈ‘ گلگشت‘ ممتاز آباد‘ پل براراں دیگر علاقوں میں دکانیں کھلنا شروع ہو گئیں اور مریضوں نے سکھ کا سانس لیا۔ تاہم اس کے بعد ہڑتال کو جاری رکھنے والا مافیا میدان عمل میں آگیا اور اس نے میڈیکل سٹورز زبردستی بند کروانا شروع کر دئے۔ میڈیکل سٹورز زبردستی بند کروانے کے معاملہ پر ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہول سیلرز اور کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے عہدے داران نے ایک دوسرے پر ذاتی مفادات کے الزامات عائد کئے ہیں۔ میڈیکل ہال کھولنے والے مالکان نے زبردستی میڈیکل ہال بند کروانے کے معاملہ پر ضلعی انتظامیہ کی عدم مداخلت پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے تحفظ فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ کہروڑپکا سیخبر نگارکے مطابق کہروڑپکا میں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے چوتھے روز بھی ہڑتال جاری رہی جس کی بنا پر شہر اور گرد و نواح میں تمام میڈیکل سٹورز بند رہے اور شہر ی ادویات کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے اور دوائی نہ ملنے کی بنا پر محلہ پٹواریاں والا کے رہائشی طارق شہزاد نے بیماری کی تکلیف سے تنگ آ کر گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی ۔اس سلسلے میں متوفی کے بیٹے نے بتایا کہ چار روز سے میرے والد کو دوائی میسر نہ تھے اسی بنا پر انہو ںنے خود کشی کی ہے اسی طرح دیگر شہریوں فرخ بھٹی ،راجہ فاروق ،امام بخش ،جمیل احمد، یوسف ،سلیم ،ارسلان ،شفیق نے بتایا کہ ،دل ،شوگر ،ہیپا ٹائٹس ،دمہ ،ہیضہ اور بالخصوص بچوں کے لئے ادوایا ت میڈیکل سٹورزبندہونے کی وجہ پر میسر نہ ہیں جس کی وجہ سے ہمیںاور دیگر مریضوں اور لواحقین کو شدید پریشانی کاسامنا ہے۔وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی چوتھے روز بھی شٹر ڈاون ہڑتال رہی، احتجاجی دھرنا کیمپ کے شرکاء کی ڈرگ ایکٹ 2017میں ترمیم کے خلاف نعرہ بازی،کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا اپنے مطالبات کے حق میں میونسپل کمیٹی کے سامنے چوتھے روزبھی کیمپ لگا کر احتجاج جاری رہاجس میں ایم پی اے میاں ثاقب خورشید کے بھا ئی سا بق ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی میاں آصف خورشید بھی اظہاریکجہتی کرتے ہوئے شرکت کی،اس موقع پر صدر کا شف منور قریشی ، جنرل سیکرٹری چودھری سعید اختر ، نا ئب صدر رائو محمد اسحاق ، فیصل اسلم ، مقصود ورک ودیگر مظاہرین نے کہا جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہڑتال جاری رہے گی ۔خان گڑھ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق خانگڑھ سمیت ضلع بھر میڈیکل سٹوروں کی ہڑتال اور تاحال مذاکرات نہ ہونے سے مریضوں اور ان کے لواحقین شدید کرب کا شکار ہیں سٹوروں کی بندش سے ادویات نہیں مل رہی جبکہ متعدد سٹور مالکان خودساختہ بندش کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔بستی ملوک سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب بھر میں میڈیکل سٹورکی ہڑتال جاری مریض اور ان کے لواحقین دوائیوں کیلئے خوار۔گزشتہ دن چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب لاہور کے ٹاسک ٹیم کے حسن شیرازی نے چونگی نمبر14پر ایک ضعیف عورت کو ہاتھ میں نسخہ تھامے پریشان دیکھا پوچھنے پرضعیف خاتون نے کانپتے ہوئی آواز میں بتایا کہ مجھے شوگر ہے جبکہ دوائی نہیں مل رہی جس پرچیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب لاہور کی ٹاسک ٹیم کے حسن شیرازی نے وہاں موجود ناصرمیڈیکل سٹور کو کال کی اور سٹور کھولنے کی ہدایات دیں جیسے ہی سٹور کھلا پریشان حال مریضوں کا رش جمع ہوگیا رات بارہ بجے تک سٹور پر رش موجود رہا ۔کوٹ اسلام سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب ڈرگ ایکٹ کے خلاف کوٹ اسلام ،حویلی پل،پچیس پل،گھگھ بار،درکھانہ بار،سندیانوالہ،قتالپور ونواح میںمیڈیکل سٹور مالکان کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی۔ کوٹ اسلام پریس کلب کے سامنے کوٹ اسلام ونواح کے میڈیکل سٹورمالکان نے احتجاج کیا ۔جلال پورپیروالہ سے نامہ نگارکے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری،تمام میڈیکل سٹورز بند رہے۔تفصیل کے مطابق ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کے خلاف کیمسٹ اینڈڈرگسٹ ایسوسی ایش کی ہڑتال جاری ہے۔جس کے باعث شہر اور گردونواح میں تمام میڈیکل سٹورز بند رہے۔ چوک سرور شہید سے نا مہ نگارکے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کی کال پر ڈرگ ایکٹ 2017 کے خلاف چوک سرور شہید اور گردو نواح کے میڈیکل سٹور مالکان نے شٹر ڈائون ہڑتال کی ہوئی ہے۔میڈیکل سٹور وں کے بند ہو نے کی وجہ سے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کر نا پڑ ا۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق کوٹ ادو شہر میں میڈیکل سٹوروں کی مکمل شٹر ڈاؤن‘ چوتھے روز بھی جاری رہی اور شہر کے تمام میڈیکل سٹورز بند رہے۔ مریض ادویات کے لئے خوار ہوتے رہے۔کبیروالہ سے نامہ نگار کے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ظفر اللہ آرائیں نے دیگر عہدیدراب کے ہمراہ پریس کلب کبیروالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکو مت پنجاب ایک سال قبل بل کی واپسی لئے جانے کے وعدے سے منحرف ہو چکی ہے جبکہ مو جودہ بل ڈرگ ایکٹ2017ء انہیں بیروزگا ر کر نے کی سازش ہے۔ ادھرجوائنٹ ایکشن فارما کمیٹی کی اپیل پر لاہور سمیت دیگر شہروں میں میڈیکل سٹورز‘ ڈسٹری بیوٹرز اور فارماسوٹیکل کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی۔ اتوار والے روز لاہور کے ہسپتالوں کے باہر میڈیکل سٹورز بند رہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومتی مذاکراتی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔