لٹیروں کے احتساب کیلئے الیکشن میں تاخیر سے کوئی قیامت نہیں آئیگی،ڈاکٹر حسن محی الدین
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر مرکزی رہنماء چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ قومی لٹیروں کے مکمل احتساب کیلئے الیکشن چند ماہ کیلئے موخر بھی ہو جائیں تو کوئی قیامت نہیں ٹوٹے گی۔احتساب کے بغیر انتخاب ہوئے تو سیاسی گندگی پلٹ آئے گی، موجودہ ظالم نظام کے خلاف پہلی آواز ڈاکٹر طاہر القادری نے بلند کی اور رد عمل میں 14لا شیں اٹھائیں۔گزشتہ چار سال کا ہر دن قاتل اشرافیہ اور ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کرتے گزارا۔ قارون کی دولت اور فرعون کی طاقت رکھنے والے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود ڈاکٹر طاہر القادری کے جرات مند کارکنوں،بیٹوں اور بیٹیوں کو نہ ڈرایا جا سکا نہ جھکایا جا سکا ان شاء اللہ تعالیٰ انقلاب کا سورج طلوع ہوگا اور شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی،ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف گندی مہم چلانے والے اپنے تمام تر جرائم اور اصل چہرے کے ساتھ آج قوم اور اداروں کے سامنے بے نقاب ہو گئے۔ پاکستان اور عوام کے مسائل کا حل ڈاکٹر طاہر القادری کے دس نکاتی ایجنڈے میں ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم کو آئین کے آرٹیکلز 62 اور 63کا شعور دیا،الحمد اللہ یہی آرٹیکل نجات دہندہ ثابت ہوئے اور قوم کو فسطائیت اور فرعونیت سے نجات ملی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنیوٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،سنیئر نائب صدر سنٹرل پنجاب سید شاہد علی شاہ، صدر منہاج القرآن چنیوٹ محمد اشفاق،غلام عباس نسوانہ،سید محمد رضا شاہ،سید اصغر علی شاہ،سید قیصر علی،حسنات احمد،ملک لیاقت علی خان نے خطاب کیا ۔