قوم نے آہنی عزم‘ بے شمار قربانیوں کے بعد دہشت گردوں کو شکست دی: صدر ممنون
نارووال (نامہ نگار) صدر پاکستان ممنون حسین نے نارووال مریدکے روڈ پر 732ملین کی خطیر رقم سے تیار ہونے والے سپورٹس سٹی کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے بعد ملک کے نامور قومی کھلاڑی مصباح الحق، شعیب ملک، محمد حفیظ ، احمد شہزاد، عبدالسمیع اور عبدالرزاق سمیت دیگر کھلاڑیوں نے ایک نمائشی میچ کھیلا میچ جس کو دیکھنے کیلئے ضلع بھر سے خواتین اور نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد نیشنل سپورٹس سٹی نارووال میں آئی اور سٹیڈیم میں تل دھرنے کو جگہ نہیں بچی ،کرکٹ میچ میں کھلاڑیوں نے چوکوں چھکوں کی بارش کی اور شائقین کرکٹ سے خوب داد وصول کی نوجوان اپنے من پسند کھلاڑیوں کے کھیل پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ زندہ دلاں نارووال کو پاکستان کا جدید ترین سپورٹس سٹی مبارک ہو، پاکستان میں کھیل کے میدان آباد کرنے کے سلسلے میں اس شاندار منصوبے کی تکمیل پر میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال چوہدری اور انکی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے دن رات ایک کرکے سپورٹس سٹی کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ نارووال سپورٹس سٹی اور خطوط پر ملک کے دیگر حصوں میں کھیلوں کی ترویج اور نوجوانوں کے کھیلوں کے سلسلے میں سہولتیں فراہم کرنے کیلئے زیر عمل منصوبے اس امر کا ثبوت ہیں کہ حکومت پاکستان کو اپنے بچوں ا ور نوجوانوں کی ضروریات کا علم ہے اور حکومت پوری تنددہی ہے ان سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کر رہی ہے صدر ممنون حسین نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس شہر کے نمائندوں اور خدمت گذاروں نے اپنا فرض ادا کر دیاہے اور اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا کر کھیلوں کی دنیا میں پاکستان کا جھنڈا سر بلند کریں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انہوں قوموں نے ترقی ا ور عروج کی منزل پر پہنچیں جن کے کھیل کے میدان آباد تھے کیونکہ کھیل میدان ہی ایسی جگہ ہے جو نوجوانوں کی مثبت صلاحتیوں کو مبذول کروا کے انکی صلاحتیوں کو نکھارتے اور پروان چڑھاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ان مقابلے میں جن قوموں کی توجہ اس طرح کی مثبت او صحت مندارنہ سرگرمیوں کی طرف نہیں ہوتی ان قوموں کے کھیل کے میدان ویران ہو جاتے ہیں اور نوجوانوں کی صلاحتیں تعمیر کی بجائے تخریب کی طرف مبذول ہو جاتی ہیں صدر پاکستان نے کہا کہ چند دہائی پہلے وطن عزیز میں کھیلوں کے میدان آباد تھے ہمارے کھلاڑی اپنے جوہر دکھاتے ہوئے اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر رہے تھے لیکن جیسے ہی اس قومی شعبے کی ترجیحات میں کمی ہوئی تو نہ صرف ہماری کامیابیوں کا سلسلہ رک گیابلکہ ملک میں منفی رجحانات بھی فروغ پانے لگے جس کے نتیجے میں ہمیں70ہزار جانوں کی قربانی بے پناہ مالی نقصانات بھی برداشت کرنے پڑے انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ قوم اپنے آہنی عزم بے شمار قربانیوں کے بعد دہشت گردوں کو شکست دینے میں کامیاب ہو چکی ہے اب اگر ہم یہ چاہتے کہ دہشت تو سر نہ اٹھائے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کر دیا جائے۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے شائقین کرکٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضلع نارووال کے لئے بہت بڑا دن ہے نیشنل سپورٹس سٹی نارووال کا افتتاح ملک کے آئینی صدر ممنون حسین نے کر دیا ہے یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی سہولت ہے جہاں پر تمام کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات میسر ہوں گی۔ اس موقع پر صوبائی پارلمانی سیکرٹری خواجہ محمد وسیم بٹ، ضلعی چیئرمین احمد اقبال، چیئرمین بلدیہ پیر سید اظہر الحسن گیلانی بھی موجود تھے۔