کراچی سمیت سندھ کا ہر ووٹر نوازشریف کیساتھ‘ حکومت کا مزید موقع مانگنے والوں کو شرم آنی چاہئے: علی اکبر گجر
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام اس جماعت کو ووٹ دیں گے جس نے اپنا اقتدار دائو پر لگا کر کراچی میں امن قائم کیا ہے۔ اہالیان کراچی سے ایک مزید موقع اقتدار کا مانگنے والوں کو شرم آنی چاہئے کہ انہوں نے اس شہر کے ساتھ بدترین سلوک روا رکھا اور عروس البلاد کہلانے والے جگمگاتے کراچی کو اندھیروں اور کھنڈرات کا شہر بنا ڈالا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمات کا سلسلہ کراچی سے شروع ہوکر سندھ کے قصبے قصبے تک پہنچ چکا ہے۔ تیس سالوں میں اہالیان کراچی کو ایک بس نہ دے سکنے والی جماعت کس منہ سے کراچی کے شہریوں سے ووٹ مانگنے نکلی ہے۔ کراچی کو قاتلوں ڈاکوئوں اور بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر خود اسلام آباد اور دوبئی کے ڈیرے آباد کرنے والوں کو کوئی حق نہیں کہ وہ کراچی کے باشعور عوام کے زخموں پر نمک چھڑکیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کا ہر ووٹر صوبے کے مفادات کے لئے میاں محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوچکا ہے۔