کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص ہلاک، کالعدم تنظیم کا سابق امیر گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقہ احسن آباد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شخص ہلاک ہو گیا، جبکہ پاک کالونی میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے سابق امیر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق پاک کالونی سے کالعدم تحریک طالبان سہراب گوٹھ کے سابق امیر منیر احمد خان عرف خوشبو والا عرف ماما کو گرفتار کر کے ایک پستول برآمد کر لیا۔ ملزم کی عطر اور پرفیوم کی دکان تھی جس میں علاقہ سے جمع ہونے والی بھتہ کی رقم اور اسلحہ رکھا جاتا تھا۔دوسری جانب رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز نے گرفتاریاں منگھو پیر‘ اقبال مارکیٹ‘ اتحاد ٹائون‘ گلبرگ، بریگیڈ، صدر مدینہ کالونی‘ بلدیہ ٹائون اور کورنگی کے علاقوں سے کیں۔ گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری‘ لینڈ گریبنگ‘ ڈکیتی‘ سٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ‘ ایمونیشن‘ مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کرلی گئی ۔