پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم، کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی: سردار مسعود
اسلام آباد(آن لائن) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے لوگ جموں وکشمیر کی آزادی اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے متفقہ طور پر جدوجہد کر رہے ہیں۔ اخبارات کو پرنٹ ایڈیشن سمیت سوشل میڈیا جیسے جدید ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے کشمیر کے ایشو کو اجاگر کرنا ہو گا۔ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں اور جزو لاینفک ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی۔ دنیا میں اخبارات تجارتی مقاصد کیلئے شروع کئے جاتے ہیں لیکن آزادکشمیر اور پاکستان سے شائع ہونے والے اخبارات کی نظریاتی اساس بھی ہے وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے، بہترین معیار پر آزاد کشمیر بھر کے تمام اخبارات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہارصدر آزاد جموں و کشمیر نے یہاں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تقریب پذیرائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔