شمالی کوریا جوہری سائٹ مئی میں بند کر دیگا‘ جنوبی کورین‘ امریکی ماہرین کو معائنے کے لئے مدعو کیا جائے گا
سیئول (آن لائن‘ سنہوا) جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے کہا ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری تجربات کی سائٹ کو مئی میں بند کر دے گا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ ’آئندہ تین سے چار ہفتوں میں بات چیت ہو سکتی ہے۔جنوبی کوریا کے ایک ترجمان نے کہا پنگئی ری سائٹ کو باضابطہ طور پر بند کیا جائے گا اور جنوبی کوریا اور امریکی ماہرین کو اس کے معائنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔جنوبی کوریا کے صدارتی ترجمان یون ینگ چان نے کہا کم جونگ ان نے کہا ہے کہ وہ مئی میں جوہری سائٹ کو بند کریں گے اور جلد ہی جنوبی کوریا اور امریکی ماہرین کو مدعو کریں گے تاکہ وہ بند کرنے کے عمل کو بین الاقوامی برادری کے سامنے شفافیت کے ساتھ پیش کریں۔صدر کے دفتر نے یہ بھی کہا شمالی کوریا جنوبی کوریا کے وقت کے ساتھ اپنی گھڑی ملائے گا۔ ابھی شمالی کوریا جنوبی کوریا کے مقابلے میں اپنا مقامی وقت نصف گھنٹے پہلے رکھتا ہے۔ پنگئی ری سائٹ ملک کے شمال مشرقی پہاڑی علاقے میں قائم ہے اور یہ ملک کی اہم ترین جوہری تنصیب کہی جاتی ہے اور اس کے پاس مینٹاپ پہاڑ کے اندر سرنگوں میں بنے نظام میں جوہری تجربات کیے گئے ہیں۔شمالی کوریا 2006 سے اب تک چھ بار جوہری تجربات کر چکا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاشمالی کوریا کے ساتھ ’آئندہ تین سے چار ہفتوں میں‘ بات چیت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا یہ بہت اہم ملاقات ہوگی، جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر بات ہوگی۔جبکہ امریکی سیکرٹری خارجہ نے کہا حال ہی میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ پیانگ یانگ میں ان کی ’اچھی ملاقات‘ رہی۔واشنگٹن میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا: ’میرے خیا ل سے آنے والے تین سے چار ہفتوں میں ہماری ملاقات ہوگی۔معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کوریائی جزیرہ نما کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر کامیاب مذاکرات کریں گے۔ لیکن انہوں نے کہا اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ اجلاس سے اٹھ کر چلے جائیں گے۔امریکی حکام ابھی تک یہ طے کرنے میں لگے ہیں کہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کہاں رکھی جائے۔ تاہم اس کے لیے دو ممالک منگولیا اور سنگاپور کا نام سامنے آ رہا ہے۔