کامیاب لیڈر وہ ہے جو سچا اور قوم کا وفادار ہو: رئوف عبدالحکیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایک کامیاب لیڈر میں دلیری، ضبط، انصاف پسندی، استقلال، منصوبہ، محنت پسندی، خوشگوار شخصیت، ہمدردی جیسی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں اور ایک سچا، امین، دیانت دار ہونے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کا وفادار بھی ہوتا ہے۔یہ بات سری لنکا کے وفاقی وزیربرائے بلدیات و ماحولیات ،پانی و بجلی اور مسلم کانگریس کے صدر رئوف عبدالحکیم نے ینگ سوشل ریفارمر اور اسپورٹس یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے زیر اہتمام لیڈر امید کی کرن سیکنڈ پاکستان سری لنکا فرینڈشپ کانفرنس2018 کے موضوع پر بحیثیت مہمان خصوصی میرٹ ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اسپیشل گیسٹ وزیر اطلاعات محنت اور ٹرانسپورٹ سندھ سید ناصر حسین شاہ ، سری لنکا شہر پوٹالم کے میئر اور سابقہ وفاقی وزیر قمر الدین بائز، سری لنکا ممبر قومی اسمبلی محمد سلمان ، ممبر صوبائی اسمبلی سری لنکا نعیم اللہ ،ممبر قومی اسمبلی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان علی رضا عابدی، جسٹس ریٹائرڈ شاہ نواز طارق، محتسب اعلیٰ سندھ، قونصل جنرل سری لنکا جی ایل گناناتھیو، سری لنکا ایئر لائن کے منیجر پاکستان احمد مظاہم، ایڈیشنل سیکرٹری پاپولیشن ڈپارٹمنٹ محمد خالد خان ،ڈاکٹر پرویز رضوی، ینگ سوشل ریفارمر کے صدر فہد رضوی اور پاکستان سے آئے ہوئے 300سے زیادہ طالبات نے شرکت کی۔رئو ف عبدالحکیم نے مزید کہا کہ سری لنکاء ٹپنگ انٹرنیشنل کانفرنس نومبر2018 میں ہوگی جس میں 40 سے زائد پاکستانی بچے اور ینگ سوشل ریفارمر کے ممبر شرکت کریں گے۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قوم کی تقدیر لیڈر ہی بناتے اور بگاڑتے بھی ہیں،کسی بھی قوم یا سماج کی ترقی میں اسکے تعلیمی، سماجی، سیاسی و معاشی نظام کے علاوہ گڈ گورنس کا خاصا عمل دخل ہوتا ہے لیکن اس حقیقت سے کوئی باشعور فرد انکار نہیں کرسکتا کہ ان تمام خوبیوں کو حاصل کرنے میں لیڈر شپ ایک اہم کردار ہوتا ہے کیونکہ مخلص ، باشعور اور معاملہ فہم لیڈر ہی قوم کے لئے ترقی کے راستے کا تعین کرکے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے قوم کو آمادہ کرتا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر مہمان خصوصی اور اسپیشل گیسٹ میں شیلڈ ، اجرک اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔
رئوف عبد الحکیم