سندھ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب ہے‘علی اکبر گجر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام اس جماعت کو ووٹ دیں گے جس نے اپنا اقتدار دائو پر لگا کر کراچی میں امن قائم کیا ہے۔ اہلیان کراچی سے ایک مزیدموقع اقتدار کا مانگنے والوں کو شرم آنی چاہئیے کہ انہوں نے اس شہر کے ساتھ بدترین سلوک روا رکھا اور عروس البلاد کہلوانے والے جگمگاتے کراچی کو اندھیروں اور کھنڈرات کا شہر بنا ڈالا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمات کا سلسلہ کراچی سے شروع ہوکر سندھ کے قصبے قصبے تک پہنچ چکا ہے۔ تیس سالوں میں اہلیان کراچی کو ایک بس نہ دے سکنے والی جماعت کس منہ سے کراچی کے شہریوں سے ووٹ مانگنے نکلی ہے۔ کراچی کو قاتلوں ڈاکوئوں اور بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر خود اسلام آباد ار دوبئی کے ڈیرے آباد کرنے والوں کو کوئی حق نہیں کے وہ کراچی کے باشعور عوام کے زخموں پر نمک چھڑکیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کا ہرووٹر صوبے کے مفادات کے لئے میاں محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوچکا ہے۔کراچی کا ووٹ کراچی میں امن قائم کرنے والی جماعت کے ساتھ ہے۔کراچی کو کھنڈرات کا شہر بنانے والوںکو ایک موقع مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئیے۔