موسم گرما کی شدت بڑھنے اور بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ تک پہنچنے پر لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگی۔
ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے۔ واپڈا حکام کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال تین ہزار پانچ سو میگاواٹ ہے، لیکن ذرائع کے مطابق ملک بھر میں دن اور رات کے مختلف اوقات میں بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کر چکا ہے، جس کے باعث لاہور سمیت بڑے شہروں میں بجلی کی بندش کا دورانیئہ بارہ گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ لاہور ہایئکورٹ نے بھی لیسکو کو ہدایات جاری کی تھیں کہ لاہور میں صرف آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے لیکن ان ہدایات پر ابھی تک عمل نہیں ہوا۔ صنعتکار اور کاروباری طبقہ بھی اس حوالے سے سخت پریشان ہے انکا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث انکا کاروبار اور صنعتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔