عراق میں 3 کار بم دھماکے‘ 28 افراد ہلاک ۔۔ حکومت مستعفی ہو : سپیکر
بغداد (اے ایف پی) عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب میں واقع علاقے میں3 کار بم دھماکے ہوئے جس سے 28افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکے ملک میں سات روز سے جاری کشیدگی کی لہر کی ایک کڑی ہیں جس میں 230 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دو کار بم دھماکے جنوبی عراقی علاقے امارہ میں ہوئے جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور 45زخمی ہو گئے جبکہ ایک کار بم دھماکہ محمودیہ، میں ہوا جس میں 9افراد جاں بحق اور 100افراد زخمی ہو گئے۔ عراق میں کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب گزشتہ منگل پولیس اور وزیراعظم نوری المالکی کیخلاف مظاہرہ کرنیوالوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جنوبی صوبوں عمارہ، دیوانیہ کے بازاروں میں کار بم حملے کئے گئے ہیں۔ادھر تشدد کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر پارلیمنٹ کے سپیکر اسامہ النجمفی نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔