
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے دنیا بھر سے دل کھول کر عطیہ کرنے والے عطیات کنندگان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
چیئر پرسن پنجاب احساس پروگرام سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے خصوصی تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں سیلاب متاثرین کیلئے جمع ہونے والے عطیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی فراہمی کے شفاف اور تیز ترین طریقہ کار پر بھی مفصل بریفینگ دی گئی۔
علاوہ ازیں ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے دنیا بھر سے دل کھول کر عطیہ کرنے والے عطیات کنندگان کا شکریہ کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بلاشبہ بڑی آبادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے، اہلِ خیر ہمیشہ کیطرح اب بھی نہایت کھلے دل کے ساتھ مشکلات میں گھِرے اپنے بھائیوں کیلئے آگے بڑھے ہیں۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اہلِ خیر کے عطیات کو نہایت شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائیں گے۔اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز اور سلمان آفتاب بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا تھا کہ چیئرمین عمران خان کے ٹیلی تھون سے سیلاب متاثرین کیلئے 13ارب روپے سے زائد امداد اکٹھی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک ساڑھے تین ارب روپے سے زائد موصول ہو چکے ہیں جن میں پنجاب بینک آکاؤنٹ میں ڈیڑھ ارب روپے ، بینک آف خیبر میں 98 کروڑ اور پی آئی ٹی بی کے ذریعے 93 کروڑسے زائد موصول ہوئے۔