بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین کا کھوج لگارہے ہیں:ناصر شاہ
کراچی(وقائع نگار)وزیر بلدیات واطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کے ڈی اے ملازمین کے تمام واجبات کی یکمشت ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے خصوصی پیکیج کے اجرا کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ نہ صرف ملازمین کی تنخواہوں بلکہ پینشنروں کو خصوصی طور پر وقت پر بلا تعطل ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سوک سنٹرمیں 2020 کے دوسرے گورننگ باڈی کے اجلاس کو چیئرمین کی حیثیت سے چیئرکرتے ہوئے کیا انہوں نے ہدایت دی کہ تمام افسران لوگوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔کے ڈی اے کے دفاتر آنے والے کسی بھی شہری کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے وزیر بلدیات نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین کی کھوج لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے کیونکہ گوسٹ ملازمین نہ صرف اداروں پر بوجھ ہیں بلکہ حقدار کا حق مارنے کے ذمہ دار بھی ہیں جلد ہی ایسے ملازمین کے حوالے سے تفصیلات سب کے سامنے لائیں گے۔