پرائمری اور مڈل اسکولز میں تدریسی عمل شروع
کراچی (نیوزرپورٹر)سندھ میں کورونا وبا کے باعث تقریبا 7ماہ بعد نرسری سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسیں شروع ہوگئیں، بچے ماسک لگا کر اسکول آئے جبکہ تمام اسکولوں کو ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور اسکول آنے والے بچوں کا درجہ حرارت چیک کیا گیا۔ دریں اثناء حیدر آباد سے کراچی آتے ہوئے موٹروے ایم نائن پر حادثے کے بعد مسافر وین میں آتشزدگی کے واقعہ میں جانی نقصان کے بعد کراچی میں سیلنڈر نصب کمرشل گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے غیرمعمولی مہم میں اب تک سیکڑوں اسکول وینز کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے اور پکڑ دھکڑ کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ سی این جی اور ایل پی جی گیس کے سلنڈر رکھنے والی اسکول وینز کو خاص طور پر چیک کیا جا رہا ہے۔ اس اچانک مہم کی وجہ سے اسکولوں میں موجود بچوں کو گھر واپس جانے کے لیے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔