زیر زمین گیس ذخیرہ کیلئے اے ڈی بی پاکستان کی معاونت کر رہا ہے، ندیم بابر
اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے وزارت توانائی ، پیٹرولیم ڈویژن میں زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کیلئے سہولت کی تعمیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک اس پراجیکٹ کے لیے پاکستان کی معاونت کر رہا ہے اور یوروپی آئل اینڈ گیس کے سازوسامان کی کمپنیاں بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔ اسٹریٹجک انڈر گرانڈ اسٹوریج (ایس یو جی ایس)کی تعمیر کی وضاحت کرتے ہوئے ، معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان نے خاص طور پر موسم سرما میں گھریلو اور تجارتی مانگ کی بڑھتی ہوئی طلب کے دوران ملک میں سپلائی میں خلل پڑنے سے متعلق گیس کے ہنگامی ذخیرے کی تعمیر پر غور کیا ہے۔ اسٹریٹجک زیر زمین گیس ذخیرہ (ایس یو جی ایس)کی تعمیر سے ملک میں توانائی کی مسلسل فراہمی اور مستحکم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی پالیسی کا ایک حصہ ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ، دونوں فریقوں نے زیرزمین گیس ذخیرہ اندوز کرنے کے طریقہ کار سے متعلق مطالعہ رپورٹ کو تیزی سے مئی 2021تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا ، تا کہ سہولت کی تعمیر کے لئے فنڈز کی دستیابی کو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جا سکے۔ حتمی رپورٹ گیس سٹوریج فسلیٹی کی جسامت ، ماڈیولز اور سیکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے بلیو پرنٹ مہیا کرے گی۔حکومت اس منصوبے کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی)کے ذریعے مالی اعانت فراہم کرے گی۔ بین الاقوامی گیس معاہدوں کے تحت درآمدی گیس کی وابستگی کی فراہمی اور ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی گیس کی مانگ کے پیش نظر ملک میں زیر زمین قدرتی گیس ذخیرہ کرنے کی سہولیات معاشی پیشرفت کے ساتھ گیس کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔اس منصوبے سے پائیدار معاشی نمو کے لئے بلاتعطل گیس کی فراہمی سے پاکستان کی ترقی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔