بلوچستان میں سیاحت کی سہولیات میں اضافہ کرنے کیلئے ماسٹر پلان تیار
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) بلوچستان حکومت نے صوبے کی 770 کلومیٹر ساحلی پٹی کے ساتھ ساتھ سیاحت کی سہولیات میں اضافہ کرکے محصولات کے لئے ماسٹر پلان تیار کیا ہے۔ پیر کو بلوچستان حکومت کے عہدے دار نے کہا کہ حکومت نے 770 کلومیٹر ساحلی پٹی کی بہتری اور قیام کے لئے 150 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ جبکہ "بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔بلوچستان حکومت صوبے کی ساحلی پٹی کی ترقی اور بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبائی ساحلی علاقوں کے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنے اور وہاں پر سیاحتی رہائش گاہیں قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور ساحلی پٹی میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ اور ترقی کے لئے فزیبلٹی تیار کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایک ہزار ملین روپے کی لاگت سے 7 سیاحتی ریسارٹ قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ملین روپے کی لاگت سے کوسٹل ہائی وے پر 10 مقامات پر جدید ترین سہولیات والے ریسٹ ایریاز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ صوبہ میں آنے والے سیاحوں کو ساحل سمندر پر تفریح فراہم کرنے کے لئے ، ایک ہزار ملین روپے کی لاگت سے آٹھ جیٹیز خریدی جائیں گی جو ماہی گیری کے مقاصد کے لئے بھی استعمال ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کے لئے بلوچستان گرین بوٹس سکیم بھی 500 ملین روپے کی لاگت سے صوبے میں شروع کی جائے گی۔ حکومت نے ساحلی علاقوں میں پانچ بیچ پارکس بنانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے ، جبکہ اس مقصد کے لئے رواں سال 250 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران ساحلی سیاحتی مقامات پر ریسٹ ہاؤسز ، ریستوراں ، موٹلز ، بین الاقوامی فاسٹ فوڈ چینز ، واش رومز اور ہنگامی رسپانس مراکز کے قیام کے لئے 150 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ریسٹورنٹ کو بنیادی انفراسٹرکچرسپورٹ سسٹم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیری بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں لوگوں کے لئے روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی علاقوں میں 8 فشنگ زون مختص کرنے کے لئے 200 ملین روپے کی لاگت سے فزیبلٹی سٹڈی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سمندری حیات کی حفاظت کے لئے درخت لگانے کا کام جاری ہے اور گوادر میں سن سیٹ پارک بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔