شہباز شریف کی گرفتاری حزب اختلاف کی زبان بندی کے مترادف :بیرسٹر امجد ملک
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ،ہیومن رائٹ کمیشن پاکستان کے ممبر اورچئیرمین ایسوسی ایشن آف پاکستانی لائیرز برطانیہ بیرسٹر امجد ملک نیکہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری حزب اختلاف کی زبان بندی کے مترادف ہے۔ہم اسکی پرزور مذمت کرتے ہیں، بیس کروڑ لوگوں کی آواز کو پابند سلاسل نہیں کیا جاسکتا،ایسا کب تک چلے گا.....؟کبھی تو سیاسی احتسابی انتقام روکنا ہوگا اور وووٹ کو عزت دینا ہوگی۔نواز شریف کا یہی بیانیہ ہے اور حکومت کی یہی پریشانی ہے۔ایک بیان میں بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اپوزیشن باالخصوص مسلم لیگ (ن) کے خلاف نیب کی کاروائیاں حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے، آج پوری کابینہ ملک کے حالات اورمستحکم معیشت کیلئے اقدامات کرنے کی بجائے اپوزیشن کو ہدف تنقید بنانے پر لگی ہوئی ہے۔