پی سی بی کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی کٹیگریز کا اعلان
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے 192 کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ برائے 21-2020 کی کٹیگریز کا اعلان کردیا ۔ 192 کھلاڑیوں میں سے 10 کرکٹرز کو اے پلس کٹیگری سے نوازا گیا ہے جبکہ اعلان کردہ کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں 38 ،بی میں 47 ،سی میں71 اور ڈی کٹیگری میں26کھلاڑی شامل ہیں،اے پلس کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کوڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ ،اے کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 85ہزار روپے ماہوار،بی کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو75ہزار روپے ماہوار وظیفہ،سیکٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو65ہزار روپے ماہوار اورڈی کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو40ہزار روپے ماہوار وظیفہ ملے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ کچھ کھلاڑیوں کے لیے یہ مشکل وقت ہوگا مگر سمجھنا چاہیے کہ ہم اس کٹیگری کے لیے صرف 10 کھلاڑی ہی منتخب کرسکتے ہیں، میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہر کھلاڑی کو یقین دلاتا ہوں کہ قومی اسکواڈ کے لیے اس کی دستیابی برقرار رہے گی اورآئندہ سال اس کے کنٹریکٹ کی کٹیگری میں اضافہ اس کی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں کارکردگی پر منحصر ہے۔چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں باقی رہ جانے والے 26 کھلاڑیوں کو کٹیگری ڈی میں جگہ دی گئی ہے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ معیار اور کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں اور ڈومیسٹک سیزن 21-2020کے اعلان کردہ کنٹریکٹ بھی اسی کی ایک مثال ہیں۔۔ ندیم خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ2020کھیلنے والے 8 کرکٹرز اور پاکستان شاہین میں شامل 11 ایمرجنگ کرکٹرز اب اس نظام کا حصہ رہیں گے اور اس دوران انہیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواکر آگے بڑھنے کے مختلف مواقع بھی پائیں گے۔