سرفراز کو ٹی ٹونٹی کی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ غلط قرار
کراچی (اسپورٹس رپورٹر )سابق قومی لیفٹ آرم سپنر اقبال قاسم نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ غلط قرار دے دیا ۔ انہو ں نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ سرفراز احمد کو نیشنل ٹیم کی قیادت سے برطرف کرنے کا فیصلہ کسی صورت اچھا نہیں تھا کیونکہ ان سے ذمہ داری واپس لینے سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ سرفراز احمد مختصر طرز کے فارمیٹ میں کھلاڑیوں کو بہتر استعمال کر رہے تھے اور ان کی لیڈر شپ میں گرین شرٹس کی فتوحات کا گراف کافی بلند ہو گیا تھا لہذا بورڈ کو ان کی جگہ کسی دوسرے کو قیادت سونپنا نہیں چاہئے تھی۔ اقبال قاسم نے سلیکٹرز کو تجویز پیش کی کہ وہ فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی پر میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے ان کے اوپر ورک لوڈ کا دھیان رکھیں۔ شاہین نے ٹیم میں شامل ہونے کے بعد اپنی پرفارمنس کو برقرار رکھا ہے اور وہ بتدریج سکواڈ میں سینئر کھلاڑی میں ڈھل رہے ہیں لیکن اگر ان پر کام کا بوجھ کنٹرول نہیں ہوتا ہے تو ان کی کارکردگی پر فرق پڑے گا ۔ وہ تمام تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیل رہے ہیں لہذا سلیکشن کمیٹی کوچاہئے کہ وہ بالرز کیلئے روٹیشن پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے انہیں ضرورت پڑنے پر استعمال کرے ۔