لاہور:منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا،نیب کی جانب سے شہباز شریف کے 14 روز ہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن کریں گے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آج احتساب عدالت پیش کیا جائے گا، جیل حکام کی جانب سے شریف خاندان کے ذاتی ملازم فضل داد عباسی،شریف گروپ آف انڈسٹریز کے سی ایف او محمد عثمان اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار دیگر ملزمان کو بھی پیش کیا جائے گا۔نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹرعاصم ممتاز دلائل دیں گے،نیب کی جانب سے شہباز شریف کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی جائے گی۔شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کریں گے،نیب کا مؤقف ہے کہ شہباز شریف اور شریک ملزمان نے 7328ملین کے اثاثے بنائے،شہباز شریف اپنے اثاثوں کے حوالے سےذرائع نہیں بتا سکے۔
یاد رہے کہ نیب نےشہباز شریف کو گذشتہ روز ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے اطراف سڑک پر کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں ہیں جبکہ سول سیکریٹریٹ سے ایم اے او کالج تک سڑک کو دونوں اطراف سے بند کردیا گیاہے،پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے دستے احتساب عدالت کے اندر اور باہر تعینات ہیں۔احاطہ عدالت میں رینجر کے 100اہلکار موجود ہیں جبکہ احاطہ عدالت میں ایک ڈی ایس پی ،پانچ ایس ایچ اوز،18سب انسپکٹرز تعینات ہیں اور احاطہ عدالت میں پولیس کے 150اہلکار تعینات ہیں۔پولیس کے مطابق کارکنوں کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت کے باہر بھی تعینات ہے۔