اہلسنت مکاتب فکر کا فقید المثال عظمت صحابہ مارچ
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی شیخ الحدیث حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری اور وفاق المدارس العربیہ جنوبی پنجاب کے ناظم مولانا زبیر احمد صدیقی نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا سید محمد کفیل بخاری سے باہمی مشاورت کے بعد اہل سنت کے تینوں مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ عظام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سرکردہ اور نمائندہ شخصیات کا اجلاس مرکزی دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حضوری باغ روڈ ملتان میں منعقد کیا۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر اہل سنت اتحاد فورم جنوبی پنجاب کے عنوان سے تینوں مکاتب فکر کا ایک نمائندہ اتحاد عمل میں آیا۔ جس میں متفقہ طور پر سرپرست مولانا قاری محمد حنیف جالندھری (دیوبندی) کنوینر مولانا فاروق خان سعیدی (بریلوی) ڈپٹی کنوینر علامہ خالد محمود ندیم (اہل حدیث) منتخب کئے گئے۔ اسی اہل سنت اتحاد فورم کی اپیل پر ملک بھر میں4 ستمبرجمعہ کو یوم مدح صحابہ کے طور پر منایا گیا۔ اتحاد نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ملتان میں ایک تاریخ ساز اور پر امن عظمت صحابہ مارچ اور اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا، جس کی تاریخ 24 ستمبر جمعرات طے ہوئی۔ عظمت صحابہ مارچ کی کامیابی کیلئے تمام مکاتب فکر نے مشترکہ طور پر پورے جنوبی پنجاب کا دورہ کیا اور وہاں مختلف اضلاع کے ائمہ مساجد و خطباء اور مدارس کے منتظمین کے کنونشنز منعقد کر کے انہیں ملتان کے عظمت صحابہ مارچ و اجتماع میں شرکت کی دعوت دی۔ اسی دعوتی سلسلے کا پہلا پروگرام اتحاد کے رابطہ سیکرٹری مولانا زبیر احمد صدیقی نے شجاع آبادمیں منعقد کیا جس میں تمام مکاتب فکر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس دعوتی مہم میں مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا سید محمد کفیل بخاری اور مولانا زبیر احمد صدیقی جبکہ مولانا فاروق خان سعیدی اور علامہ خالد محمود ندیم نے پورے جنوبی پنجاب کا دورہ کیا اور لوگوں کو مع احباب مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ مجلس احرار اسلام، جمعیت علماء اسلام (ف، س) جماعت اسلامی، جمعیت علماء پاکستان، تاجر تنظیموں، وکلاء ، صحافی، طلباء اور سماجی تنظیموں نے اس مارچ کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کی اور اپنال مال اور وقت حضرات صحابہ کرام ،اہل بیت اور بنات طاہرات کی ناموس کے تحفظ کیلئے دل کھول کر پیش کیا۔ مارچ میں مفتی منیب الرحمن، پروفیسر علامہ ساجد میر، ڈاکٹر عادل خان، مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا سید محمد کفیل بخاری، علامہ سید حامد سعید کاظمی، قاری زوار بہادر، پیر خالد سلطان قادری، آصف اخوانی، مولانا محمد اسماعیل شجاعبادی، مولانا عبدالخالق رحمانی، مولانا ایاز الحق قاسمی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت و خطاب کیا۔ اس مارچ میں شرکت کیلئے پورے جنوبی پنجاب سے قافلوں نے شرکت کی، مولانا سید محمد کفیل بخاری کی قیادت میں دار بنی ہاشم ایم ڈی اے چوک سے احرار کارکنوں کے ایک بڑے قافلے نے شرکت کی جس نے پہلے حضرت امیر شریعت رحمہ اللہ کے مزار پر حاضر ہو کر سلامی دی اور بعد ازاں شہر سے مختلف راستوں سے ہوتے ہوے گھنٹہ گھر چوک پہنچا جبکہ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کی قیادت میں چوک منظور آباد، مولانا زبیر احمد صدیقی کی قیادت میں شجاعباد، علامہ سید حامد سعید کاظمی کی قیادت میں شاہی عید گاہ خانیوال روڈ، پروفیسر علامہ ساجد میر کی قیادت میں دولت گیٹ ملتان سے بہت بڑے قافلوں نے گھنٹہ گھر چوک میں منعقدہ عظمت صحابہ مارچ میں شرکت کی۔ مارچ اور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ ہم ذمہ داروں کے ساتھ تو بات کر سکتے ہیں "اداکاروں" کے ساتھ نہیں، مفتی صاحب نے یہ انتہائی معقول اور اصولی بات کی ہے۔ دیگر مقررین نے بھی حکومت اور ریاستی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گستاخان صحابہ کیلئے نئی قانون سازی کرنے سے قبل جو قانون پہلے سے موجود ہیں ان پر تو سنجیدگی سے عملداری یقینی بنائیں۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کو بلا تاخیر نافذ کیا جائے تاکہ گستاخان صحابہ کو لگام ڈالی جاسکے، انہوں نے FATF بل کو مساجد و مدارس اور دینی جماعتوں کیخلاف بیرونی سازش قراردیا اوراسے مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بل کو فوری کالعدم قرار دے۔ مارچ میں لاکھوں فرزندان توحید و ختم نبوت نے شرکت کی اور حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی اجمعین کی عزت و ناموس کی حفاظت کیلئے پر امن جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔