شہباز شریف کو فوری رہا کیا جائے: بلاول، آج اپوزیشن لیڈر گرفتار ہوئے گل ہم سب نے ہونا ہے: زرداری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے فی الفور شہباز شریف کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنا بند کریں۔ مفرور ڈکٹیٹر جس پر سنگین الزامات ہیں اسے نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا ہے نہ گرفتار کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہمشیرہ اور معاونین خصوصی پر سنگین الزامات ہیں مگر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔ نیب کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا۔ حکومت نے جو کرنا ہے کر لے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا معاونین خصوصی‘ وزراء اور وزیراعظم کی ہمشیرہ کو طلب نہیں کیا جاتا۔ قبل ازیں اپنے ٹویٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کرونا کی عالمی وباء کے دوران بھی اپوزیشن رہنماؤں سے سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رہا۔ دو سالوں سے عدالتوں میں پیش ہوئے۔ ای سی ایل میں نام اور قید کے باوجود آصف رداری اور فریال تالپور عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ عوام نکلے تو حکومت کو گھر جانا پڑیگا۔ عوام نکلے تو عمران خان کے کوئی سپورٹ کام نہیں آئے گی۔ احتساب کا معیار سب کے سامنے ہے۔ آج شہباز شریف گرفتار ہوئے کل ہم سب نے ہونا ہے۔