نیویارک (نمائندہ خصوصی + این این آئی) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے خطے اور دنیا بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔ عالمی برادری دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کو نظرانداز نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان روانگی سے 2 گھنٹے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں کیا۔ وزیرخارجہ نے صوبہ سندھ میں حالیہ سیلاب کے باعث متاثرین کی مدد کرنے پر اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرخارجہ نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 10ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں سمیت 40 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کو اربوں ڈالرز کا مالی، معاشی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے ہرممکن قومی وسائل استعمال کر رہی ہے مگر تباہی اس قدر زیادہ ہے کہ تنہا اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے، پاکستان اپنے ملک، خطہ اور پوری دنیا سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے سندھ میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 357 ملین ڈالر کی اپیل پر عالمی ادارے کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ یورپی پارلیمانی مشن کی ایونٹ میں 2010ءکے سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں حکومت کی طرف سے کئے گئے ریلیف آپریشن کو کامیاب ترین ہیومینٹرین آپریشنز میں سے ایک قرار دیا ہے۔ دریں اثناءروسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات میں روسی ہم منصب نے حنا ربانی کھر کو روس کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں وزارئے خارجہ نے علاقے کے استحکام اور خوشحالی کےلئے مل کر کام کرنے کا عز م بھی ظاہر کیا ۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38