پشاور (بیورو رپورٹ) جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق امریکہ کے عزائم اچھے نہیں ہیں اب وقت آگیا ہے کہ حکومت جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد پرعمل درآمدکویقینی بنائے اور ملک کے مفاد میں پالیسیاں تشکیل دے کر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے امریکی اتحاد سے الگ ہونے کا اعلان کردے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جے یوآئی (ف) کے صوبائی سیکرٹریٹ میں جمعیت لائرز فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر17وکلاءنے جمعیت لائرز فورم میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اپنے خطاب میں جے یوآئی (ف) کے سربراہ نے کہاکہ امریکہ ہماری ثقافت، معیشت اور تہذیب وتمدن کے درپے ہے وہ اسلامی تہذیب کو مٹا کر ہم پر مغربی تہذیب مسلط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کے ان ناپاک عزائم کے خلاف ملک کے ہرطبقہ کے لوگوں خاص کر وکلاءکو سیسہ پلائی دیوار بن کرجدوجہد کرنی ہوگی۔ اس وقت پوری قوم امریکی اتحاد سے علیحدگی چاہتی ہے۔ اس وقت ضرورت اس امرکی ہے کہ ملک وقوم کے مفاد میں پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024