8 افسروں کے تقرر و تبادلے‘ سابق آئی جی رانا مقبول کی سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن تعیناتی کا نوٹیفکیشن
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت نے 2 افسران کی گریڈ 20 میں ترقی سمیت 8 افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ سابق آئی جی سندھ رانا مقبول احمد کو کنٹریکٹ پر سیکرٹری محکمہ پبلک پراسیکیوشن لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں ان کے کنٹریکٹ پر 17 ستمبر کی تاریخ درج کی گئی ہے‘ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تقرری ری ایمپلائمنٹ پالیسی 2004ء کے مطابق کی گئی ہے جس میں کنٹریکٹ کی مدت شامل نہیں ہے۔ قبل ازیں ان کی ری ایمپلائمنٹ کا نوٹیفکیشن خفیہ رکھا جا رہا تھا۔ تقرری کے منتظر میاں فیاض احمد کو گریڈ 20 میں ترقی دیکر چیف انجینئر ڈسٹرکٹ سپورٹ پروگرام اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ لگایا گیا ہے‘ وہاں سے شیخ فاروق احمد سے چیف انجینئر ڈسٹرکٹ سپورٹ اینڈ مانیٹرنگ کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے‘ غلام سرور جاوید ایس ای ورکس اینڈ سروسز ساؤتھ زون لاہور محکمہ مواصلات و تعمیرات کو گریڈ 20 میں ترقی دیکر خالی آسامی پر چیف انجینئر ہائی ویز نارتھ زون لگا دیا گیا۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں تقرری کے منتظر محی الدین وانی کو مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن لاہور لگایا گیا ہے۔ نبی بخش ملک ای ڈی او انفارمیشن ٹیکنالوجی بہاولپور کی 19 فروری 2010ء سے ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ محمد اقبال ای ڈی او ریونیو گجرات کی دس روز کیلئے چھٹی منظور کر لی گئی ہے‘ رانا نصیر احمد ڈی او کوآرڈینیشن شیخوپورہ کو ای ڈی او انفارمیشن ٹیکنالوجی شیخوپورہ کا اضافی چارج دیدیا گیا۔ شہیرا شاہد ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو ریلیو کر کے ان کی خدمات وزارت اطلاعات و نشریات اسلام آباد کے سپرد کر دی گئی ہیں۔