اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کیری لوگر بل کی شرائط کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے‘ قیاس آرائی نہ کی جائے دہشت گردی کے خلاف جنگ جس طرح لڑنا ہے وہ طریقہ جانتے ہیں کوئی اس بارے میں ہمیں سبق نہ سکھائے۔ کسی کے پاس اسامہ بن لادن کی بلوچستان میں موجودگی کے شواہد ہیں تو حکومت کو پیش کئے جائیں۔ بجلی کا ٹیرف حکومت کو قابل برداشت ہوا تو اس میں اضافہ نہیں ہو گا۔ پہلے بھی 55 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔ پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کی ساتویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب چین کے سفارتخانے کی جانب سے منعقد کی گئی جس میں چین کے ثقافتی طائفے نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اپنے طریقے سے جنگ لڑ رہے ہیں۔ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں کے بارے میں اتھارٹیز موجود ہیں اوگرا، نیپرا ان قیمتوں کا تعین کرتے ہیں۔ بجلی کے ٹیرف کو حکومت برداشت کر سکی تو قیمتیں نہیں بڑھیں گی۔ 55 ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات سیاسی، دفاعی، ثقافتی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں پر محیط ہیں۔ دونوں ملکوں نے گذشتہ ساٹھ سال میں مثالی تعلقات کے فروغ کے لئے مستقل مزاجی سے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک واٹر کے بارے میں ہم جو کچھ کہتے ہیں اسے سچ سمجھا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے مزید مدد کریں، ہم مالاکنڈ اور فاٹا میں عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن میں زیادہ تر لیزر گائیڈڈ ایمونیشن استعمال کر چکے ہیں، فوری طور پر مزید ایمونیشن درکار ہے، رات کو دیکھنے والے آلات، ہیلی کاپٹرز اور ڈرون ٹیکنالوجی بھی فراہم کی جائے۔ سینیٹر جوزے لن ڈی روہان کے قیادت میں فرانسیسی سینٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص دفاع اور معیشت کے شعبوں میں موجودہ روابط اطمینان بخش ہیں ہم فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کے آئندہ سال کے اوائل میں دورہ پاکستان کے شدت سے منتظر ہیں۔ سینیٹر جوزے لن ڈی روہان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے تدارک کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حمایت کے بغیر ان کوششوں میں کامیابی ممکن نہیں ہو گی۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024