ضمنی الیکشن : جماعت اسلامی بہاولنگر اور جھنگ میں صوبائی نشستوں پر بھی امیدوار کھڑے کرے گی
لاہور (خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی نے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں لاہور‘ راولپنڈی کے بعد بہاولنگر اور جھنگ سے بھی الیکشن لڑنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ تحریک انصاف لاہور نے قومی اسمبلی کے حلقہ 123میں عمران خان کو میدان میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کی سیاسی کمیٹی کے صدر ظفر جمال بلوچ کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضمنی الیکشن کیلئے لاہور کے حلقہ 123سے حافظ سلمان بٹ‘ راولپنڈی کے حلقہ این اے 55سے ڈاکٹر کمال کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے جبکہ صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں جھنگ اور بہاولنگر کے دو حلقوں سے بھی امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایات کر دی گئیں ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف لاہور کے صدر میاں محمود الرشید کی زیرصدارت ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این اے 123کی نشست پر بھرپور طریقے سے حصہ لینگے۔ میاں محمود الرشید آج (منگل) الیکشن کمشن سے کارکنوں کے ہمراہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرینگے جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 55میں عمران خان کا بطور امیدوار آنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا نہ ہی این اے 123میں نوازشریف کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔