کامونکے : پولیس مقابلہ میں اے ایس آئی جاں بحق‘ 3 اشتہاری ہلاک‘ کانسٹیبل اور تین راہگیر زخمی
گوجرانوالہ/ کامونکے/ سادھوکے (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ صالح پور میں اشتہاری ملزمان اور پولیس کے درمیان تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مقابلہ میں تھانیدار جاں بحق اور تین اشتہاری ملزمان ہلاک ہوگئے۔ اس دوران ایک کانسٹیبل اور ایک راہگیر زخمی بھی ہوئے۔ تفصیل کے مطابق 4 مسلح کار نمبر ایل ای اے 5092 سواروں نے گکھڑ منڈی کے قریب ایک شہری دستگیر کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور مرالی والا میں میاں بیوی کو زخمی کر دیا جس پر پٹرولنگ پولیس نے ان حملہ آوروں کا تعاقب شروع کردیا اور ساتھ ہی وائرلیس کنٹرول کو اطلاع کردی جس پر کامونکی سرکل اور نوشہرہ ورکاں سرکل کی پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کرلی۔ بیلہ پورکے قریب ناکہ بندی کئے پولیس اہلکاروں نے جب اس کار کو روکنے کی کوشش کی تو اس میں سوار اشتہاریوں نے فائرنگ کردی اور اے ایس آئی منور حسین اور کانسٹیبل بابر مسیح کو زخمی کر کے صالح پور کی طرف فرارہو گئے۔ کامونکی سرکل پولیس بھی اس اثناء میں وہاں پہنچ گئی اور محاصرہ کرلیا جس پر دوطرفہ فائرنگ شروع ہوگئی۔ تینوں اشتہاری شہزاد شبیر اور زاہد محمود سکنہ لاہور اور ظہیرالدین سکنہ فیصل آباد ہلاک ہوگئے جبکہ انکا ایک ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی اے ایس آئی منور کو تشویشناک حالت کے پیش نظر کامونکی ہسپتال سے ریسکیو1122 کی ایمبولینس کے ذریعہ لاہور بھیجا گیا مگر وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔ ملزموں کے قبضہ سے جدید اسلحہ اور گاڑی برآمد کر لی۔ کانسٹیبل بابر مسیح کی حالت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔ ڈی ائی جی گوجرانوالہ ذوالفقار چیمہ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ تمام ملزمان 48 سنگین وارداتوں میں پنجاب پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ ذوالفقار احمد چیمہ نے اے ایس ائی منور کے ورثاء کو 30 لاکھ روپے اور زخمی کانسیبل بابر کیلئے 3 لاکھ اور مقابلہ میں شریک تمام ملازمین کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کے علاوہ اے ایس آئی منور حسین کے بھائی کو پولیس میں نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔ اے ایس آئی کی نماز جنازہ 4 بجے پولیس لائن گوجرانوالہ میں ادا کی گئی اور اسکا جسد خاکی اس کے آبائی گھر محلہ فیض مدینہ کامونکی پہنچا دیا گیا ہے۔ شہید اے ایس آئی 4 کمسن بچوں کا باپ تھا۔ خاندان کے ایک فرد کو نوکری دینے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مقابلے میں فرار ہونے والے چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں روانہ کردی ہے ۔