بھارت ممبئی حملوں کے ملزموں کو سزائے موت کے مطالبے سے دستبردار‘ مانیٹرنگ کی پیشکش بھی مسترد کردی
نئی دہلی (ریڈیو مانیٹرنگ + نیوز ایجنسیاں) بھارت نے پاکستان کی ممبئی حملوں کے ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی کی مانیٹرنگ کی پیش کش کو مسترد کر دیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ پاکستان جیسے دوست ملک میں بھارت عدالتی کارروائی کی مانیٹرنگ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ پاکستان ممبئی حملوں کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں سنجیدہ ہے تاہم بھارت کا پاکستان سے ملزموں کو سزا دینے کا کوئی مطالبہ نہیں ہے۔ پاکستان ازخود ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو ملکی قوانین کے مطالب سزا دے گا۔ اس کے برعکس بھارتی وزیر داخلہ چدم برم نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مذاکرات کے لئے بھارت پر امریکی دباؤ نہیں۔ چدم برم نے کہا کہ حافظ سعید کے خلاف پاکستان کو ٹھوس شواہد دے دئیے ہیں اب حکومت ان کے خلاف کارروائی اور فوری ٹرائل شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کچھ سوالات کے جوابات دینا ابھی باقی ہیں جو جلد بھیج دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے نکسل باڑیوں کو امداد فراہم کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا تاہم اس بات کا امکان ہو سکتا ہے کہ نکسل میانمر اور بنگلہ دیش کے راستے ہتھیار حاصل کر رہے ہوں۔ انہوں نے نکسل باڑیوں اور لشکر طیبہ کے تعلق کی اطلاعات کو قیاس آرائی قرار دیا ہے۔