انڈس موٹر کمپنی 34.19بلین روپے منافع کا اعلان کردیا
کراچی(کامرس رپورٹر) انڈس موٹر کمپنی ( آئی ایم سی ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرزنے 30ستمبر 2020کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی کیلئے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ پہلی سہ ماہی کیلئے کمپنی کی سی کے ڈی اور سی بی یو کی مشترکہ فروخت 73 فیصد اضافہ کے ساتھ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 6839 یونٹس کے مقابلے میں 11809 یونٹس رہی۔ پہلی سہ ماہی کیلئے مجموعی مارکیٹ میں آئی ایم سی کا مارکیٹ شیئر تقریباً27فیصد رہا۔پہلی سہ ماہی کیلئے کمپنی کاخالص منافع 65فیصد اضافہ کے ساتھ 34.19بلین روپے رہا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کیلئے یہ منافع 20.72 بلین روپے تھا۔ اسی مدت کے دوران بعداز ٹیکس منافع 40 فیصد اضافہ کے ساتھ گزشتہ سال کی اسی مدت کے 1.32 بلین روپے کے مقابلے میں 1.85بلین روپے رہا۔تین ماہ کی مدت کیلئے آمدن اور منافع میں اضافہ کی بڑی وجہ CKDاور CBU کے زیادہ حجم اور اخراجات میں بہتری کی بنا پر دیگر آمدن میں اضافہ ہے تاہم پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور لاگت میں اضافہ کے باعث کمپنی کا مجموعی مارجن گزشتہ سال کی اسی مدت کے 9.7 فیصد کے مقابلے میں 6.7 فیصد رہا۔کمپنی کی فی حصص آمدن ستمبر2019 میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 16.78 روپے فی حصص آمدن کے مقابلے میں 23.48 روپے رہی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز پہلی سہ ماہی کیلئے12روپے فی حصص کے پہلے عبوری منافع کی تقسیم کا اعلان کرتے ہوئے مسرت محسوس کرتے ہیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کیلئے یہ منافع 7 روپے فی حصص تھا۔