گستاخانہ خاکوں پر امام کعبہ‘ ویٹی کن پوپ و دیگر سے رابطہ کرینگے: نور الحق قادری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ امام کعبہ‘ شیخ الازہر‘ نجف کے علمی مراکز سمیت عالمی مسلم رہنماؤں سے رابطہ کیا جائے گا۔ ویٹی کن سٹی میں پوپ کے ساتھ بات کی جائے گی۔ یورپ و امریکہ میں انصاف پسند مذہبی طبقات کو ساتھ لیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعلان پارلیمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نبی کریمؐ کی ذات اقدس کے ساتھ ہمارے تعلق اور نسبت کو اگلی نسل تک پہنچانا ہی ان ناپاک عزائم کا انتہائی مثبت اور موثر جواب ہوگا جو فرانس اور دیگر ممالک گستاخانہ خاکوں کی شکل میں مسلمانوں کی دل آزاری کے لیے کر رہے ہیں۔ شیخ الازہر مصر نے مسلم قانونی ماہرین کی طرف سے کیس کرنے کی تجویز دی ہے۔