سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت بدستور تشویشناک

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کا سروسز ہسپتا ل میں آٹھواں روز بھی حالت تشویشناک ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ان کے پلیٹ لیٹس(خون کے سفید خلیے) کی تعداد میں معمولی اضافے کے بعد تعداد 28 ہزار پر برقرار ہے۔اطلاعات ہیں کہ انجیکشن کا کورس ختم ہونے پر میاں نوازشریف کا اب نیا علاج کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور منگل کی صبح میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کا ایک بار پھر تفصیلی طبی معائنہ بھی کیا ہے۔ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق پلیٹ لیٹس سیلز کی تعداد میں اضافہ کیلئے سٹریرائڈ انجیکشن سولو میڈرول 250 ایم جی بھی تجویز کر دیا گیا ۔طبی معائنے میں نواز شریف کا بلڈ پریشر پہلے سے بہتر ہے جو 140/80 آیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کی جانب سے نوازشریف کو قبض کی شکایت پر سیرپ کریما فین تجویز کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب انسولین کے 18 یونٹ تجویز کیے گئے ہیں۔نواز شریف کے رینل فنکشنل ٹیسٹ (RFT) رپورٹ میں بلڈ یوریا اور کریٹینین معمول سے زیادہ آیا۔ نارمل 50 سے کم ہونی چاہئے لیکن نوازشریف کی بلڈ یوریا63 ہے۔نوازشریف کا سریم کریٹینین بھی معمول سے زیادہ ہے، نارمل 1.3 سے کم ہونا چاہیے جبکہ نوازشریف کا 1.4 ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سیلز بڑھانے کیلئے سٹریرائڈ انجکشن سولو میڈرول دینے سے گردے بھی متاثر ہونے لگے۔نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر بھی قابو میں نہیں ہے، نوازشریف کو گزشتہ کئی سالوں گردوں میں درد اور پتھریوں کا بھی سامنا ہے.