دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹائلش بلے باز بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کھلاڑیوں کی بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار پرفارمنس دینے والے بابراعظم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پائی اور پہلے نمبر پر موجود آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ سے پوزیشن چھین لی۔
بابر اعظم اب تک محدود اوور کی طرز کی کرکٹ میں 23 میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 7 نصف سنچریوں کی بدولت 56.56 کی اوسط سے 905 رنز بنائے۔
آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔ بھارت کے لوکیش راہل تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو ایک درجہ ترقی پاکر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی حالیہ خراب کارکردگی کے بعد ان کی رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی ہوئی جس کے بعد وہ چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر آگئے۔