کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہاہے کہ حکومت کے دو ٹوک موقف نے امریکی حکام کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ ملکی سلامتی اور خومختاری کا تقاضہ ہے کہ پاکستان کسی بھی حال میںامریکی دبائو کو قبول نہ کرے ،وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے امریکی وزیرخارجہ کو مثبت جواب دیا،امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان افغانستان میں ہونے والی تباہیوں اور تمام تر صورتحال کی ذمہ داریاں اپنے سر لے جو کہ اس قدر قربانیوں کے باوجود قومی مفادات کے ساتھ سودا کرنے کے مترداف ہے ، انہوںنے ایک بیان میں کہاکہ وزیراعظم اور پاکستانی حکام کے حالیہ موقف نے امریکا کے کرتادھرتائوں کو حیران کررکھاہے ۔جبکہ امریکی وزیرخارجہ نے اسلام آباد آنے سے قبل جو کچھ کابل میں کہا وہ سب پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے ناقابل قبول تھے جس کا بھرپورجواب دیکر حکومت نے تاریخی کارنامہ سرانجام دیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسیوں کے بعد سے لیکر اب تک امریکا نے پاکستان کے معاملے پر تحکمانہ رویہ اختیار کیا ہوا تھا جس کا بھرپور جواب اب انہیں مل چکاہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ امریکا اس وقت بھارت کے عشق میں مکمل طور پر گرفتار ہوچکاہے ایسے میں وہ یہ بھی بھول رہاہے کہ بھارت ایسا شاطر ملک ہے کہ جو ضرورت پڑنے پر کسی کو بھی دھوکہ دے سکتاہے ۔
حکومت کے دوٹوک موقف نے امریکہ کی نیند حرام کردی ‘ شبیر انصاری
Oct 29, 2017