اسلام آباد میں فساد پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے ٹاسک فورس قائم، وزیرداخلہ سربراہ ہونگے

وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی اوران کے خلاف مؤثرکارروائی کیلئے وزیرداخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کردی۔وزیرِاعظم شہبازشریف کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پراعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ آصف، احد چیمہ، اعظم نذیرتارڑ، عطااللہ تارڑ، مشیروزیراعظم رانا ثنااللہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اورمتعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوئے وزیرِاعظم نے وزیرداخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کردی جس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ، وزیرِ اقتصادی اموراحد چیمہ، وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور سکیورٹی فورسزکے نمائندے شامل ہونگے۔ٹاسک فورس گزشتہ دنوں اسلام آباد میں انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی اوران کے خلاف مؤثرکارروائی کرے گی۔ٹاسک فورس24 نومبرکوانتشار پھیلانے میں ملوث مسلح اورپرتشدد واقعات میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی۔زیرِاعظم نے آئندہ کسی بھی قسم کے انتشاروفساد کی کوشش روکنے کیلئے وفاقی انسداد فسادات فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ انسداد فسادات فورس کوبین الاقوامی معیارکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اورسازوسامان سے لیس کیا جائےگا۔اجلاس میں وفاقی فارنزک لیب کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ وفاقی فارنزک لیب میں ایسے واقعات کی تحقیقات وشواہد اکٹھا کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور وفاقی پراسیکیوشن سروس کومضبوط اورافرادی قوت بڑھانے کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان کے استحکام اور ترقی کے دشمنوں کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ  خیبرپختونخوا بہادروغیور عوام کا صوبہ ہے، مٹھی بھرانتشاری پرامن اور غیور پشتونوں کی نمائندگی نہیں کرتے، 24 نومبرکی لشکرکشی کو خیبرپختونخوا سمیت تمام پاکستانیوں نے مسترد کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان کے تحفظ اوراس کی معاشی وقومی سلامتی کے تحفظ کیلیے سب کومل کرایسی مذموم کوششوں کو روکنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن