خواجہ سلمان رفیق کا ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال میں مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح  

لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال چوبرجی میں 2 روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایم ایس، فیاض احمد فیضی، طبی عملہ و فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر میڈیکل کیمپ پر تعینات طبی عملہ سے بھی گفتگو کی۔ایم ایس ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال چوبرجی نے آنیوالے مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال کے اس کار خیر میں ہم ساتھ ہیں۔اس اقدام پر جماعت اسلامی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا پاکستان میں مخیر حضرات دکھی انسانیت کیلئے بے پناہ خدمات ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔وزیرصحت پنجاب نے کہا لاہور میں 9 سو سے زائد بستروں پر مشتمل ایشیاء کا سب سے جدید نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ سرگودھا میں بھی نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال چوبرجی کی انتظامیہ کو مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد دی۔

ای پیپر دی نیشن