لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سبزہ زار میں ڈسپنسری اور کھاڑک اور سیدپور میں لگائے گئے کلینک آن ویلز کیمپوں کا دورہ کیا۔ سابق ایم این اے مہر اشتیاق احمد بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر صحت اربن ڈسپنسری میں لیبرروم، میڈیسن سٹور میں گئے، ادویات کا سٹاک اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے گائنی مریضوں کے ریکارڈ چیک کیا اور ان سے ادویات اور دیگر سہولیات کا پوچھا۔ خواجہ عمران نذیر نے ڈسپنسری میں آنیوالے ایک ایک مریض سے فون پر بات کرکے طبی سہولیات سے متعلق پوچھا جس پر مریض نے شکایت کی کہ ان سے ڈیلوری کی ادویات، دیگر سامان باہر سے منگوایا گیا۔ اس شکایت پر وزیر صحت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی او ہیلتھ لاہور کو واقعہ کی انکوائری کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا ادویات، سامان باہر سے منگوانا ناقابل برداشت ہے۔ صوبائی وزیر صحت کھاڑک، اعوان ٹاؤن اور سیدپور میں کلینک آن ویلز کیمپوں میں گئے۔ سابق ایم این اے مہر اشتیاق احمد نے بھی شوگر، ہیموگلوبن کے ٹیسٹ کروائے۔ خواجہ عمران نذیر نے مریضوں سے وائٹلز، بلڈ سکریننگ، ادویات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا۔ کلینک آن ویلز کیمپوں میں بچوں کی ٹائپ ون شوگر ٹیسٹ بھی کئے جا رہے ہیں۔