ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اسرائیل کے دورے کے دوران جنگ کے بعد غزہ کی بحالی اور تعمیر نو میں مدد کی خواہش ظاہر کر دی۔بلومبرگ کے مطابق ایلون مسک نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لائیو گفتگو میں کہا کہ وہ جنگ کے بعد غزہ کی تعمیر نو میں مدد کرنا چاہیں گے اور وہ یقین رکھتے ہیں کہ غزہ کی بحالی اور ترقی مستقبل میں جنگ کو روکنے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو گی۔ اس گفتگو میں ایلون مسک اور نیتن یاہو نے حماس کو مکمل تباہ کرنے پر اتفاق کیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ”غزہ کے بہتر مستقبل کے لیے حماس کو مکمل تباہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔“ اس پر ایلون مسک نے کہا کہ ”میں آپ کی بات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں کہ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ حماس یہودیوں کی نسل کشی کرنا چاہتی ہے۔“ ایلون مسک نے مزید کہا کہ ”حملوں میں شہریوں کی ہلاکتیں ’ناگزیر‘ ہیں اور اسرائیل حماس کے خلاف اپنی جنگ میں شہریوں کی ہلاکتوں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش بھی کر رہا ہے۔“ واضح رہے کہ حماس کی طرف سے بھی ایلون مسک کو غزہ کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔