گلین میکس ویل نے گھر میں گھس کر بھارت کی پھینٹی لگا دی

 گلین میکس ویل نے گھر میں گھس کر بھارت کی پھینٹی لگا دی، گوہاٹی میں رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے کے باوجود بھارتی ٹیم کو سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست، آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہدف کے کامیاب تعاقب میں آخری اوور میں زیادہ رنز بٹور کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے منگل کے روز بھارت کے شہر گوہاٹی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جا رہی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں بھارت کو شکست دے دی۔ بھارت کی جانب سے آسٹریلیا کو 223 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا گیا، تاہم کینگروز کے گلین میکس ویل نے بھارتی گیند بازوں کی خوب پھینٹی لگائی اور دھواں دار سینچری داغ کر بھارت سے فتح چھین لی۔آسٹریلیا نے ناصرف بھارت کیخلاف سنسنی خیز فتح حاصل کی، بلکہ ساتھ ساتھ آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہدف کے کامیاب تعاقب میں آخری اوور میں زیادہ رنز بٹور کر نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ کینگروز نے منگل کو بھارت کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے آخری اوور میں 23 رنز بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا ۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 2016ء میں انگلینڈ کے خلاف میچ کے آخری اوور میں ہدف کے کامیاب تعاقب میں 19 رنز بنائے تھے جبکہ سری لنکا نے 2022ء میں آسٹریلیا کے خلاف آخری اوور میں 19 رنز بنا کر فتح حاصل کی تھی۔ اسی میچ میں دونوں اننگز کے آخری اوورز میں مجموعی طور پر 50 سے زائد رنز بننے کا ریکارڈ بھی بن گیا۔ منگل کو گوہاٹی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی بلے بازوں نے اننگز کے آخری اوور میں آسٹریلوی بائولر گلین میکسویل کے خلاف 30 رنز بنائے جبکہ آسٹریلوی بیٹرز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اننگز کے آخری اوور میں 23 رنز بنائے، یہ کسی بھی ٹی ٹونٹی میچ کی دونوں اننگز کے آخری اوور میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ ہے۔

ای پیپر دی نیشن