لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام دو تہائی اکثریت دے دہشت گردی کی طرح مہنگائی کی بھی کمر توڑ دیں گے۔ صدر (ن) لیگ سے پارٹی رہنماؤں اور سابق ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ علی پرویز ملک، رانا قاسم نون، ڈاکٹر مظہر اقبال چودھری اور سلمان خان ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ ملاقات میں تنظیمی اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر گفتگو ہوئی۔ شہباز شریف نے انتخابی تیاریوں کے لئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔ اور کہا الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ اتریں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوام کے اعتماد سے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پاکستان کو مسائل سے نجات دلانے کے لئے اہم ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے عوام سے یوم یکجہتی فلسطین بھرپور طورپر منانے کی اپیل کی ہے۔ شہباز شریف نے کراچی میں یوم یکجہتی فلسطین ریلی میں پارٹی کارکنوں کو بھرپور شرکت کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکن ملی جذبے سے ریلی میں شریک ہوں۔ پوری قوم اسرائیلی بربریت کے خلاف آج فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے۔ عالمی برادری کے ساتھ ملکر پیغام دینا ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔شہباز شریف سے انجینئر امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی ملاقات کی۔ شہباز شریف دونوں کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا۔ شہباز شریف نے مشکل حالات میں پارٹی کو خیبر پی کے منظم رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا۔