اراضی ریکارڈ سنٹرز پر سہولیات مہیا کی جائیں
مکرمی: مجھے ایک روز رہائشی جائیداد کی معلومات کے سلسلہ میں مقامی اراضی ریکارڈ سنٹر فیصل شالیمار ضلع لاہور جانے کا اتفاق ہوا وہاں ڈیوٹی پر موجود کاونٹر سٹاف عملہ نے کسی قسم کی تفصیلات فراہم کرنے سے صاف انکار کر دیا ۔ڈیوٹی پر موجود کاوؤنٹر سٹاف عملہ کی جانب سے مندرجہ بالا جواب سن کر شدید ذہنی پریشانی‘ وقت اور شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اور ڈیوٹی پر موجود کاؤنٹر سٹاف عملہ کی جانب سے بذریعہ انٹرنیٹ مقررہ وقت اور ٹائم لینے کا مشورہ دیا گیا۔ یہ بات حقیقت ہے اور اس حقیقت سے انکار تقریباً ناممکن ہے کہ تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز پر اپنے اپنے متعلقہ کاموں کے سلسلہ میں آنے والے عوام الناس سائلین بشمول عمر رسیدہ خواتین وحضرات کی بہت زیادہ تعداد کم تعلیم یافتہ اور ناخواندہ ہے اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز پر آنے والے تمام افراد خواتین واحضرت کو ’’انٹرنیٹ سروسز‘‘ کی سہولت حاصل نہیں ہے۔ میری صوبائی حکومت ، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ارباب اختیار واعلی حکام سے پرزور اپیل ہے کہ وہ فوری طورپر اور ہنگامی بنیادوں پر اس ’’ناروشرط‘‘ کو ختم کرائیں تاکہ شہری اور سائلین سکھ کا سانس لے سکیں۔ (شہزاد احمد شیخ ‘ 0345-4050522)