چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد، پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے، جس کا منشور و لائحہ عمل ہی، اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کے 55 ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک ہے، جس کی اساس قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے، اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں پر محیط ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے، ملک و قوم کو بیش بہا اسٹریٹجک تحفے دیئے، جن میں ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی، صوبائی خودمختاری، اور زرعی و معاشی اصلاحات دینا شامل ہیں۔ پاک - چین دوستی، سی پیک منصوبہ، اور اسلامی سربراہی کانفرنس کی شکل میں سیاسی طور پاکستان کو اسلامی دنیا کو محور و مرکز بنانا بھی پی پی پی کا طرہِ امتیاز ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ آج کے دن ان تمام جیالوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے جمہوریت کے کاز کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، کوڑے کھائے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی جھیلی، اور غیرجمہوری قوتوں کے اسپانسرڈ میڈیا ٹرائیلز کے سامنا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ باعثِ فخر ہے کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کے لیئے، پارٹی عہدیداران اور کارکنان پرعزم و بے مثال جرات کے ساتھ اپنی جدوجہد میں نئی روح پھونکنے کے لیئے کھڑے ہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024