قانونا گنے کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں ٗ انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے:جنید اسلم نائچ
احسان پور (نمائندہ نوائے وقت )ملک جنید اسلم نائچ نے پاکستان کسان اتحاد کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر جام ایم ڈی گانگا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ رحیم یارخان بااثر شوگر مافیاز کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے گنے کی نقل وحرکت میں مسلسل جبری رکاوٹیں ڈال کر کسانوں کے استحصال کا باعث بنی ہوئی ہے۔ قانونا گنے کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ کسانوں کو اپنی فصل جہاں چاہے بیچنے کا حق حاصل ہے۔جام ایم ڈی گانگا، ملک اللہ نواز مانک، عبدالجلیل بندیشہ، ملک محمد شریف نائچ، سمیع اللہ خان، الطاف خان رند نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ رحیم یارخان کا کسانوں کیساتھ رویہ نہایت ہی افسوس ناک ہے ۔ کسانوں کو اپنا گنا سندھ لے جانے کی بجائے کم ریٹ پر مقامی طاقت ور شوگر ملز کو بیچنے پر مجبور نہ کیا جائے۔